انتخابی بے قائدگیوں پر پارٹی کے تمام عہدے ختم، سانحہ ماڈل ٹائون کی جے آئی ٹی رپورٹ ظلم کی انتہا ہے: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آن لائن) عمران خان نے پارٹی کے موجودہ تمام عہدے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی میں عبوری سیٹ اپ لانے کیلئے پنجاب میں چوہدری سرور، سندھ میں ڈاکٹر عارف علوی، خیبرپی کے میں یوسف ایوب خان، بلوچستان میں ہمایوں جوگیزئی اور اسلام آباد میں سردار اظہر طارق کو آرگنائزر بنا دیا گیا لیکن انٹرا پارٹی الیکشن سے قبل نگراں سیٹ اپ بنایا جائیگا جبکہ مرکز میں مشاورت کیلئے آرگنائزنگ بورڈ اور سینٹرل کمیٹی بنے گی کیونکہ میں اکیلے تو پارٹی نہیں چلا سکتا، ظاہر ہے مجھے عبوری سیٹ اپ چاہئے نگراں سیٹ اپ صرف انٹرا پارٹی الیکشن کے اعلان کے وقت بنے گا جس کے نمائندے پارٹی عہدوں پر الیکشن بھی نہیں لڑسکیں گے۔ جوڈیشل کمشن میں ہمارے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ بہترین انداز میں جا رہے ہیں، ہمارا اس ضمن میں پورا سیٹ اپ ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ قبل ازیں اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن کے امور پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن جو فیصلہ کرے گا ہمیں قبول ہوگا لیکن مجھے یقین ہے کہ جوڈیشل کمشن اسی سال الیکشن کا اعلان کرے گا جوڈیشل کمشن بننے سے پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا سیٹ اپ بنائیں گے موجودہ سیٹ اپ عارضی ہے تحریک انصاف میں سابقہ تمام پارٹی عہدے ختم کردئے گئے ہیں اسلئے پارٹی میں عبوری عہدیدار لا ئے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر مرکزی سطح کے عبوری سیٹ اپ کا بھی فیصلہ کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس وجیہہ الدین رپورٹ کے مطابق ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن میں بے قاعدگیاں ہوئی تھیں پارٹی الیکشن کے طریقہ کار میں بھی ہمیں مسائل کا سامنا ہے ہم نے اسلئے جسٹس وجیہہ کی رپورٹ پر عمل کیا تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ہم نے ان کی رپورٹ نہیں مانی۔ جسٹس وجیہہ الدین نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا کہ جیسے الیکشن ہونے چاہئیں تھے ویسے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوئے ہیں۔ میں ایگزیکٹ کے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ غیرملکی اخبار میں ایک آرٹیکل آنے پر ایگزیکٹو کے خلاف پورے پاکستان میں ایکشن شروع ہو گیا۔ مجھے کرکٹ میں پاکستان کے سپر پاور سے نیچے آنے کا بہت افسوس ہوا ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونا بدقسمی ہے میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تعریف کرتا ہوں۔ انشا اللہ پی ٹی آئی اسی سال حکومت میں آکر کرکٹ ٹھیک کرے گی اس وقت نوازشریف اور آصف زرداری اپنے مفاد میں اکٹھے ہیں۔ ٹریبونل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ سعد رفیق کے حلقے میں اضافی بیلٹ پیپر بھیجے گئے تھے۔ قبل ازیں ٹویٹ میں عمران نے سانحہ ماڈل ٹائون پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ ناانصافی کی انتہا ہے، پولیس کو کھلی چھٹی دیدی گئی ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں عمران نے سانحہ ماڈل ٹائون پر بنائی جے آئی ٹی کی رپورٹ پر شدید تنقید کی اور اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ سے پولیس کو قانون توڑنے کی کھلی چھٹی دیدی گئی ہے اور پولیس کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون جیسا واقعہ دوبارہ بھی کر سکتے ہیں۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ ناانصافی کی انتہا ہے۔ علاوہ ازیں عمران آج دو روزہ دورے پر گلگت بلتستان جائیں گے۔