عوا م ناانصافی کے نظام کو بدلنے کا عہد کریں: عمران
اسلام آباد (آن لائن) عمران خان نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ عوام ناانصافی کے نظام کو عدل وانصاف سے بدل دینے کا عہد کریں تاکہ قیام پاکستان کے اصل مقاصد پورے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانان ہند کو پاکستان کی صورت میں ایک بڑی نعمت عطا کی جس پر اللہ تعالیٰ کی جتنی حمد وثناء کی جائے اتنی کم ہے۔قرارداد پاکستان کی صورت میں مسلمانوں نے غلامی مسترد کرکے آزادی کا فیصلہ کیا۔ ہمارے اجداد نے 23مارچ کے عہد کی تعبیر کیلئے لاکھوں جانیں قربان کیں۔ قائداعظم کی قیادت اور اقبال کی بصیرت سے قیام پاکستان کا سفر کامیابی سے طے ہوا۔