کینسر کیخلاف ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائیگی، ڈاکٹر سعید الہٰی
اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ ) کینسر ایک موذی مرض ہے۔ اس کا علاج ممکن ہے۔ اگر بروقت تشخیص ہوجائے تو قیمتی انسانی جان بچائی جاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ریڈکریسنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہٰی نے نشتر ہسپتال کے زیرتعمیر کینسر وارڈ کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔ ایڈیشنل کمشنر ملتان ڈویژن محمد سرفراز، مفتی عبدالقوی، کینسر وارڈ کے ہیڈ پروفیسر اعجاز مسعود، ڈاکٹر میاں عدنان، سول سوسائٹی کےافراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے 23مارچ کا دن کینسر کے مریضوں کے ساتھ گزار ا۔ اس موقع پر کینسر کے زیرعلاج مریضوں میں پھل اور تحائف تقسیم کرکے یوم پاکستان کی خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔ ڈاکٹر سعید الہٰی نے زیرتعمیر کینسر وارڈ کیلئے ہر قسم کی مالی و تکنیکی معاونت کے علاوہ ملک گیر سطح پر ریڈکریسنٹ کے پلیٹ فارم سے کینسر کیخلاف آگاہی مہم چلانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔