پرویز رشید انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، قومی ادارے بازپرس کریں: رہنما تحریک انصاف
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزےر اطلاعات و نشرےات پرویز رشید اپنی گفتگو کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں مدرسہ ریفارمز دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل کا ایک اہم جزو تھا۔ تحریک انصاف نے پرویز رشیدکی نفرت انگیز گفتگو پر ریاستی اور غیر ریاستی میڈیا پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا پرویز رشید کا بیان اصل میں نیشنل ایکشن پلان پر ایک رکیک حملہ ہے وفاقی وزیر کو نیشنل ایکشن پلان سے مطابقت رکھنے والے اقدامات پر حملہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی ادارے نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی پرویز رشید کی کوششوں کا سخت نوٹس لیں اور پرویز رشید سے نہ صرف باز پرس کی جائے بلکہ ان کی گفتگو پر پابندی بھی عائد کردی جائے۔ انہوں نے کہا بتایا جائے پرویز رشید کی حکومت نے نفرت انگیز تحریر و تقریر روکنے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف