سرتاج عزیز کل سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دینگے

سرتاج عزیز کل سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دینگے

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیزکل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دیں گے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکا اجلاس کمیٹی کی چیئرپرسن نزہت صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس کے کمیٹی روم میں ہوگا۔ کمیٹی ایجنڈے کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز چین، روس، امریکہ، افغانستان، سعودی عرب اور ایران کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بریفنگ دیں گے۔مشیر خارجہ 1971ء میں پاکستان کو توڑنے کے حوالے سے بھارت کے کردار اور دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے حوالے سے بھارتی اعلانیہ پالیسی کو دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے دفتر خارجہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ کمیٹی کو سکیورٹی، سٹریٹجک استحکام اور ایٹمی عدم پھیلائوکے حوالے سے جون کے پہلے ہفتے میں واشنگٹن میں ہونے والے پاکستان امریکہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر قائم وزارتی کمیٹی کی سفارشات سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں رہ جانے والے پاکستانیوں، کویت کی طرف سے پاکستانی شہریوں کے معاملات پر بھی بریفنگ ہو گی۔