زرداری کا بیان، نوازشریف نے ماحول ٹھنڈا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا

زرداری کا بیان، نوازشریف نے ماحول ٹھنڈا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فوج کے درمیان ان کے حالیہ بیان سے پیدا ہونے والی ’’تلخی‘‘ کے ماحول کو ’’ٹھنڈا‘‘ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماسکو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران زرداری کے بیان کو سیاسی طور پر نمٹنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ سیاسی حکومت سیاسی جماعتوں کی طرف سے اٹھنے والے سوالات کا جواب خود دے گی۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی تقریر سے پیدا ہونے والی صورتحال سے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے خود نمٹنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد آئی ایس پی آر کی طرف سے جواب دینے کی ضرورت نہیں رہی۔ ذرائع کے مطابق منگل کو وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل کی ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ ایک اہم حکومتی عہدیدار نے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ یہ ملاقات انتہائی اچھے ماحول میں ہوئی۔