اسلام آباد: پولیس اہلکار کی گھر میں گھس کر اہل خانہ پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا، کانسٹیبل کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی پولیس کے ایک اہلکار نے سیکٹر جی نائن ٹو میں ایک گھر میں داخل ہوکر اہلخانہ پر فائر کردیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کانسٹیبل فرید انور کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا، تفصیلات کے مطا بق ایک خاتون کا اپنے خاوند کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر اس نے ریسکیو 15پر کال کی۔ اے ٹی ایس کا کانسٹیبل فرید انور موقع پر پہنچا اور اسکے بعد اس خاتون سے مسلسل رابطہ میں رہا۔ گزشتہ روز خاتون کے دوبارہ بلانے پر وہ گیا اس دوران ہمسایوں سے تلخ کلامی ہو گئی۔ ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا کہ جو بھی پولیس اہلکار غلط کام کرے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔