خفیہ ادارے کی ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے عبوری حکم میں ترمیم کی درخواست سیکرٹری لینڈ کی کل سپریم کورٹ میں طلبی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے خفیہ ادارے کی جانب سے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے عبوری حکم میں ترمیم کیلئے دائر درخواست میں سیکرٹری لینڈ کو ذاتی طور پر کل طلب کرلیا ہے۔ آئی ایس آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے الگ الگ رپورٹس جمع کرائی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 20 نومبر 2013ء کے احکامات پر نظرثانی یا ترمیم کی جائے کیونکہ فریقین کو سنے بغیر ہی فیصلہ جاری کیا گیا۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق الاٹمنٹ لیٹر آئی ایس آئی کو دیا جانا چاہئے۔ جسٹس ناصر الملک نے اس پر استفسار کیا کہ سپریم کورٹ سے کیا ترمیم چاہتے ہیں اس پر راجہ ارشاد نے کہا کہ ریونیو بورڈ کہہ رہا ہے کہ جاری کردہ حکم واضح نہیں ہے۔