تحفظ پاکستان بل 2014 پر جمعیت علماء اسلام (ف) کیساتھ بات چیت کا فائنل رائونڈ

اسلام آباد(ثناء نیوز)تحفظ پاکستان بل 2014 پر حکومتی اتحادی جمعیت علماء اسلام (ف) کے ساتھ بات چیت کے فائنل رائونڈ کے پیش نظر سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور و انسداد منشیات کے اجلاس کے شیڈول میں ردوبدل کر دیا گیا ہے، اجلاس اب بدھ کو ہوگا کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود کا تعلق بھی جمعیت علماء اسلام (ف) سے ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) اصولی طور پر سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحفظ پاکستان بل 2014 پر طے پانے والی سفارشات پر متفق ہو گئی ہے بات چیت حتمی مرحلہ میں ہے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن کو براہ راست اعتماد میں لیا گیا ہے اس بات چیت کے پیش نظر سینٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس اب کل 25 جون (بدھ) کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ کمیٹی کے ارکان کو حکومت اپوزیشن میں طے پانے والی 23سفارشات سے تحریری طورپر آگاہ کر دیا گیا ہے کمیٹی میں شق وار خواندگی کے موقع پر ترامیم کو بل میں شامل کیا جائے گا بعدازاں ترمیم شدہ بل سینٹ میں منظوری کیلئے پیش ہوگا قومی اسمبلی بھی دوبارہ ترمیم شدہ بل کی منظوری دیگی۔