انقلاب کا نعرہ دھوکہ ہے، فوج کے آپریشن مکمل کر لینے تک عوام احتجاج کی کال مسترد کر دیں: حامد موسوی

اسلام آباد (ثناء نیوز) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ سید حامد علی موسوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انقلاب کا نعرہ دھوکہ ہے، ملک تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے جب تک افواج پاکستان دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل نہیں کرلیتیں، پاکستان کے عوام ہر احتجاج اور ہڑتال کی کال مسترد کر دیں۔ عراق کے مقامات مقدسہ پر حملہ آور دہشت گرد امریکی تربیت یافتہ ہیں، اسلام کو بدنام کرنے کیلئے درندوں کو مسلمانوں کے بھیس میں امت مسلمہ میں داخل کردیا گیاہے ، پاکستان، عراق، شام، یمن، بحرین سمیت کسی ملک میں شیعہ سنی خانہ جنگی نہیں، مسلم ممالک کو مسالک کے نام پر تقسیم کرنے کا نیو ورلڈ آرڈر زور وشور سے جاری ہے۔ سنی، شیعہ برادران وحدت و اخوت سے دشمن کی سازش ناکام کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی سپریم کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، استعماری قوتیں جانتی ہیں کہ اگر اسے مسمار کردیا گیا تو باقی56 ملک ایک دن کی مار ہیں، پاکستان انٹیلی جنس دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ہے اسی وجہ سے اسے دنیا بھر میں بدنام کیا جاتا ہے۔
حامد موسوی