مشرف کے معاملہ میں قانون موجود ہے، نئے فیصلے کی ضرورت نہیں: پرویز رشید

مشرف کے معاملہ میں قانون موجود ہے، نئے فیصلے کی ضرورت نہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (وقت نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے بحران کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان امریکہ معاہدوں سے پہلے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہو گا۔ وقت نیوز کے پروگرام ”اپنا اپنا گریبان“ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا 1999ءسے لیکر 2007ءتک ملکی سیاست میں بہت تبدیلیاں ہوئیں۔ مشرف کے معاملے میں قانون موجود ہے، حکومت کو نیا فیصلہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا سرکاری ٹی وی کو حکومتی ترجمان نہیں ہونا چاہئے۔ میڈیا آنکھ کا کام کرتا ہے، حکومت کو چاہئے میڈیا کو اچھا دوست سمجھے۔ انہوں نے کہا سوئس بینکوں سے رقم واپس لانے کی کوشش کرینگے، وہ رقم پاکستان کی ہے۔ ہرممکن قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا ترقی کرنی ہے تو پڑوسیوں سے تعلقات اچھے بنانا ہونگے۔ اس سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا توانائی بحران کا خاتمہ کیا جائے گا۔ نظام ٹھیک کرنے کیلئے اداروں کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ ماضی میں نندی پور پاور پراجیکٹ کو روک کر غلط کیا گیا۔ انہوں نے کہا وہ پہلے شخص تھے جس نے کہا ان کی وزارت سے خفیہ فنڈز ختم ہونے چاہئیں۔