چودھری نثار کبڈی کھیلنے آرہے تھے کہ کمر درد کا بہانہ کرکے راہ فرار اختیار کرلی‘ سینیٹر عاجز دھامرا
اسلام آباد( خبر نگار خصو صی )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی طرف سے پریس کانفرنس کا اعلان کرکے مکر جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار پریس کانفرنس کرنے والے تھے یا کبڈی کھیلنے آرہے تھے کہ کمر کا درد بہانہ بنا کر راہِ فرار اختیار کرلی۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ مشکل حالات میں چھپ جانا چوہدری نثار کی روایت رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کے دوران وہ اس لئے مظاہرے کرتے رہے کیونکہ انہیں ہیئر اسٹائل خراب نہ ہونے کا سو فیصد یقین تھا مگر جنرل مشرف کے دور میں تھوڑا سا بھی شبہ ہوتا کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس چلے گی تو موصوف بیماری کا بہانہ بنا کر ہسپتال میں داخل ہو جاتا۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ چوہدری نثار میں اتنی اخلاقی جرا¿ت نہیں کہ وہ استعفیٰ دے دے بلکہ ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے لیڈر کو مشکلات میں دیکھ کر زیادہ سے زیادہ قیمت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔