جی ایچ کیو میں سہ فریقی کمشن کا اجلاس‘ پاکستان‘ افغانستان سرحد پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان، افغانستان اور اتحادی افواج کے سینئر فوجی نمائندوں پر مشتمل سہ فریقی کمشن کا 30واں اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، اتحادی فوج کے وفد کی قیادت افغانستان میں ایساف کے سربراہ جنرل سٹینلے میکرسٹل اور افغانستانی وفد کی قیادت افغان نیشنل آرمی کے ڈائریکٹر آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل شیر محمد کریمی نے کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کی صورتحال کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعاون کی موجودہ صورتحال کو مزید موثر بنایا جائے گا‘ اجلاس میں دہشت گردوں کیخلاف مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز کو بھی مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا شرکاءنے سہ فریقی کمشن کے اراکین کے مابین تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان ظاہر کیا۔ عسکری ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کی پاک افغان سرحد سے نقل وحرکت کو روکنے کیلئے پاکستان، افغانستان اور اتحادی افواج کے مابین انٹیلی جنس نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے گا۔