اقوام متحدہ نے پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی سازش ناکام بنادی
اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے داﺅد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کا الزام عائد کیا اور اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد کرنے والی کمیٹی کوپاکستان پر پابندیاں لگانے کی تجویز دی بھارت کی مہیا کردہ معلومات جھوٹی ثابت ہونے پر تجویز کو مسترد کردیا گیا ۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور بھارتی کوشش ناکام ہو گئی ، بھارت نے داﺅد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی کمیٹی کو پاکستان میں داﺅد ابراہیم کے تین مبینہ پتے دیے تھے مگر بھارت کی مہیا کردہ معلومات جھوٹ پر مبنی تھی جس وجہ سے پابندیاں عائد کرنے والی اقوام متحدہ کی کمیٹی نے بھارتی تجویز کو مسترد کردیا ۔ واضح رہے کہ بھارت کا مقصد پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنا اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوںکو نقصان پہنچانا تھا ۔داﺅد ابراہیم کے حوالے سے ماضی میں بھی بھارت کی طرف سے دی گئی معلومات بے بنیاد اور جھوٹی ثابت ہوئی تھیں ۔
بھارتی سازش ناکام