ملی یکجہتی کونسل کو فعال بنانے کیلئے تنظیم کا اہم اجلاس کل ہو گا

راولپنڈی (سلطان سکندر) ملی یکجہتی کونسل کا اہم اجلاس کل 25 اگست اتوار کو کونسل کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ جس میں ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد کی وفات کے بعد ملی یکجہتی کونسل کو فعال بنانے اور کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرنے کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ کونسل کے ذرائع کے مطابق قاضی حسین احمد کی وفات کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کو کونسل کی صدارت پر فائز کرنے کے لئے ان کی دلچسپی کے پیش نظر جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حسین احمد نے ملی یکجہتی کونسل کی جنرل سیکرٹری شپ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اب یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی قومی سیاست میں مصروفیات بڑھ جانے کی وجہ سے ان کی ملی یکجہتی کونسل کی صدارت میں دلچسپی نہیں رہی جبکہ حافظ حسین احمد کونسل میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کے لئے مولانا فضل الرحمن کے سگنل کے منتظر ہیں۔ اندریں حالات کونسل کے اعلیٰ حلقوں میں کونسل کے مستقل صدر کے لئے تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید کا نام لیا جا رہا ہے اور کونسل میں شامل جماعتوں کے سربراہوں کے عمومی اتفاق رائے سے آئندہ اجلاس میں انہیں کونسل کا صدر منتخب کیا جا سکتا ہے۔