رکشہ یونین کے مطالبات درست ،انہیں حق ملنا چاہیے،کاشف چوہدری
راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے )آل پاکستان تاجر اتحاد نے بھی رکشہ یونین کے مطالبات کی حمایت کر دی ۔آل پاکستان تاجر اتحادکے مرکزی صدر کاشف چوہدری نے بدھ کو راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رکشہ یونین کے مطالبات مکمل طور پر درست ہیں ،انہیں ان کا حق ملنا چاہیے ،اس لیے تاجر اتحاد نے رکشہ یونین راولپنڈی کے مطالبات کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔پاسبان رکشہ یونین کے مرکزی صدر ایوب خان ،راولپنڈی رکشہ یونین کے صدر حاجی شیر خان ،این ایل ایف کے راہنماء ڈاکٹر تہذیب الحسن ،عبدالمجید عباسی ،حافظ دل مراد ،عبداللہ خان ،رشید جدون ،محمد بشیر ،نیاز علی شاہ اور دیگر نے کہاکہ رکشہ چلا کر محنت کر نے والوں کا مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعہ معاشی قتل کیا جا رہا ہے ،حکو مت پنجاب اگر رکشہ بند کر نا چا ہتی ہے تو متبادل گاڑیاں فراہم کی جا ئیں ،بلاوجہ چالان وجرمانے اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں مشکلات کا سا منا ہے ،حکومت رکشہ ڈرائیور جیسے غریب طبقے کو ختم کر نے کی کوشش بند کرے ۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب ہمارے مطالبات پورے کرے اور ہمیں روزگار کا تحفظ فراہم کرے ۔صدر رکشہ یونین ایوب خان نے کہاکہ حکومت مطالبات پورے کرے ورنہ پنجاب بھر میں احتجاجی تحریک کی کال دیں گے۔