حکومت پنجاب کی کلچر پالیسی کے دورس نتائج برآمد ہونگے ، وقار احمد
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) راولپنڈی آرٹس کونسل میں حکومت پنجاب کی مجوزہ کلچر پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے ایک مکالمہ کا انعقاد کیاگیا جس میں پوٹھوہار کے خطہ سے آرٹ اور کلچر کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ فنکاروں اور ماہرین نے شرکت کی۔ مکالمہ میں ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، ناہید منظور، سرفراز شاہد،آفتاب احمد خان، ڈاکٹر روش ندیم، قیوم طاہر، ڈاکٹر زاہد چغتائی، شبیر مرزا، شکیلہ جلیل، فہیم انور،ذوالفقاربیگ، ڈاکٹر ارشد معراج ، پروفیسر شہباز علی، انجم حبیبی، افشاں شیراز خان، رابعہ تبسیم، اشفاق سلیم مرزا،جہانگیرعمران اور دیگرنے شرکت اور حکومت پنجاب کی مجوزہ کلچر پالیسی پر اظہارخیال کیا۔ انہوںنے حکومت پنجاب کی کلچر پالیسی کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہاکہ کلچر پالیسی کے دورس نتائج برآمد ہوںگے اور اس پالیسی سے نہ صرف کلچر کو فروغ ملے گا بلکہ یہ پالیسی کلچر اور آر ٹ سے وابستہ فنکاروں کو معاشی تحفظ بھی فراہم کرے گی۔ ناہید منظور نے کہاکہ معاشرے میں کلچر کا فروغ صرف حکومت کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ اس میں ہر فرد کو حصہ لینا ہو گا اور کلچر کے فروغ سے معاشرے کی حالت بہتر ہو گی ۔معروف شاعرسرفرازشاہدنے کہاکہ فنکار کا معاشی تحفظ کلچر پالیسی کا سب سے اہم پہلو ہے اور کلچر کے فروغ کا مقصد صرف فنکار کا معاشی تخفظ نہیں ہے بلکہ کلچر کا تخفظ اور نوجوان نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔ آفتاب احمدخان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کلچر پالیسی مرتب کرکے ایک تاریخی اقدام کیا ہے ۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد نے کہاکہ مجوزہ کلچر پالیسی کے اہم نکات میں ثقافتی تعلیم کا فروغ، کلچر انفارمیشن مراکز کا قیام، مقامی زبانوں کے فروغ کیلئے مواد فراہم کرنا ، پورے صوبہ میں کلچر رپوٹروں سے قریبی رابطہ کا قیام ، اور تحصیل کی سطح پر آرٹس کونسلوں کا قیام ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت صوبہ پنجاب کے نو ڈویژنوں میں آرٹس کونسل قائم ہیں جبکہ ضلعی سطح پر آرٹس کونسلز کے قیام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آٹھ اضلاع میں آرٹس کونسلوں کے قیام کیلئے کام اسی مال سال میں شروع ہو جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ نئی کلچر پالیسی کے تحت مقامی فلم میکروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جا ئیگی اور ایف ایم ریڈیو چینل بھی قائم کئے جا ئیں گے اور اس کے علاوہ ڈیجیٹل آرٹ کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جا ئیں گے۔ انہوںنے کہاکہ مجوزہ کلچر پالیسی تمام سٹیک ہولڈروں کے تعاون سے تیار کی جا رہی ہے اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور تیاری کے ہر مرحلہ میں کلچر اور آرٹ سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈروں سے مشاورت کی گئی ہے۔اس موقع میں شراکاء نے کلچر پالیسی کو مزید بہتر بنانے کیلئے آراء اور تجاویز بھی دیں۔