ورکرز ویلفیئر فنڈز ڈیپوٹیشن افسران کیس‘ سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف‘ اوورسیز طلب
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ورکرز ویلفیرفنڈز سے ڈیپوٹیشن افسران کی اپنے اداروں کو واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کر تے ہوئے سیکرٹری اوورسیز اور سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف کو طلب کر لیا ہے، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ورکرز ویلفیئرفنڈز کے ڈیپوٹیشن افسران کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی،، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر آٹھ میں سے پانچ ڈیپوٹیشن افسران کو واپس بھیج دیا ہے، تین افسران پر عدالتی حکم کا اطلاق نہیں ہوتا۔ متاثرہ افسران کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جن پانچ کو افسران کو واپس بھیجا گیا وہ ابھی تک کام کر رہے ہیں، عدالتی حکم پر متعلقہ سیکرٹریوں نے عمل نہیں کیا، ادارے میں پسند نہ پسند پر فیصلہ ہوئے۔ جسٹس عظمت سعید نے متاثرہ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو یہ نہیں کہ ہمیں کیوں نکالا؟ جی ٹی روڈ پر آپ نہیں جا سکتے فیض آباد بند ہے،راستہ کھلے گا تو جی ٹی روڈ پر جا سکیں گے،عدالتی حکم کی عدم تعمیل ہوئی تو توہین عدالت کی کاروائی کریں گے، کیا ہمارے ساتھ یس منسٹر یس منسٹر کھیلا جارہا ہے،متعلقہ سیکرٹریوں کو بلایا ہے،سب کو سن کر فیصلہ کریں گے۔ مقدمہ کی مزیدسماعت ملتوی کردی گئی۔