پاکستان اور روس کا توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق
ماسکو/ اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) روس نے پاکستان میں توانائی کے شعبے سے متعلق مختلف منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کیلئے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے ماسکو میں توانائی سے متعلق پاکستان اور روس کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے تیسر ے اجلاس کے دوران پایا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت روس میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ جبکہ روسی وفد کی قیادت روس کے توانائی کے نائب وزیر Yury sentyurin نے کی۔ فریقین نے تیل اور گیس کی تلاش،مائع قدرتی گیس کے ٹرمینلز کی تعمیر، گوادر سے نوابشاہ تک گیس پائپ لائن بچھانے ایل پی جی کی تیاری اور فراہمی سمیت دوسرے شعبوں میں مختلف منصوبوں میں تعاون پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ پاکستانی وفد نے اس بات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا کہ روس کے توانائی کے ادارے پاکستان میں توانائی کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ دریں اثناءپاکستان اور روس کے درمیان دفاعی شعبے میں مزید تعاون میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ وزارت دفاع ذرائع کے مطابق پاکستان نے روسی ایم آئی 35 فوجی ہیلی کاپٹرز کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان، روس مشترکہ فوجی مشقوں کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے انجن بھی روس سے لئے جائیں گے۔
پاکستان/ روس اتفاق