این ٹی ایس نے بے روزگار نوجوانوں کو لوٹنے کا نیا سلسلہ شروع کردیا
اسلام آباد(نامہ نگار)نیشنل ٹیسٹنگ سروس(این ٹی ایس ) نے بے روزگار نوجوانوں کو لوٹنے کانیا سلسلہ شروع کر دیا ہے ،ملازمتوں کے ٹیسٹ کی فیس کے ساتھ امیدوروں سے 16فیصدجی ایس ٹی بھی وصول کیا جانے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے لیے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوان این ٹی ایس کو ٹیسٹ کی فیس کی مد میں بھاری رقم ادا کرتے ہیںجس سے این ٹی ایس سالانہ اربوں روپے کماتا ہے اس آمدن پر این ٹی ایس کو حکومت کے خزانے میں جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی)جمع کرانا ہوتا ہے ۔این ٹی ایس نے یہ جی ایس ٹی بے روزگار نوجوانوں سے فیسوںکے ساتھ وصول کر نا شروع کردیا ہے۔ امیدواراین ٹی ایس کی ویب سائیٹ سے جب ٹیسٹ کے لیے فارم ڈاﺅن لوڈکرتے ہیں تو اس کے سا تھ بینک میں فیس جمع کرانے کے لیے چالان فارم بھی موجود ہوتا اس چالان فارم پر ٹیسٹ کی فیس کے ساتھ واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ اس فیس کے ساتھ امیدوار کو 16فیصد جنرل سیلز ٹیکس بھی جمع کرانا ہو گا ۔بے روزگار نوجوانوں کے لیے تو ٹیسٹ کی فیس جمع کرانا ہی مشکل ہے اب اس کے ساتھ 16فیصد جی ایس ٹی بھی شامل کر دیا گیا ہے جس سے غریب پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے کسی ملازمت کے لیے اپلائی کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔جب اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے این ٹی ایس کے ترجمان سے فون پر رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس پر کوئی بات نہیں کر سکتے کیونکہ این ٹی ایس کے سی ای او نے کہہ رکھا ہے کہ وہ خود میڈیا کے سوالات کا جواب دیں گے جب این ٹی ایس سی ای او ڈاکٹر شیرزادہ کے مو بائل نمبر پر رابطہ کیا گیا تو ان کا نمبر مسلسل بند تھا۔