سعودی کمپنی نے پاکستان سے 5 کروڑ ڈالر کا شوگر پلانٹ خریدنے کا معاہدہ کر لیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+ریڈیو نیوز ) سعودی کمپنی نے پاکستان سے 5 کروڑ ڈالر کا شوگر پلانٹ خریدنے کا معاہدہ کر لیا۔ پاکستان کی تاریخ میں مشینری برآمد کرنے کا یہ سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ 80 فیصد مشینری ایتھوپیا میں ایکسپورٹ کر دی گئی ہے۔ سعودی گروپ اکبری نے ایتھوپیا میں 15ہزار ایکڑ زمین لی ہے جہاں پر شوگر مل لگائی جائے گی۔ریڈیو نیوز کے مطابق سعودی گروپ کے پارٹنر مجید پردیسی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سعودی پارٹنرز نے بھارت سے مشینری درآمد کا کہا تھا تاہم انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان سے درآمد کو ترجیح دی اور ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہیوی مکینیکل کمپلیکس کو5 کروڑ ڈالر کی پیشگی ادائیگی کردی۔