زرداری سے امریکی سفیر کی ملاقات‘ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی و تعمیرنو پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (وقت نیوز + مانیٹرنگ ڈیسک + آن لائن) امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان سے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے سیلاب زدہ افراد کی مدد، ریسکیو اور تعمیر نو کیلئے امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح امریکہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیلاب زدگان کی مدد میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اس سے ہمیں اپنی مشکلات پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی۔ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے ایک جامع منصوبہ بنا چکی ہے اور جبکہ بیرونی امداد کے شفاف استعمال کیلئے قومی کونسل کی بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو اتنا بڑا چیلنج ہے کہ حکومت اکیلی اس سے نہیں نمٹ سکتی اس کیلئے ہمیں عالمی برادری کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ زرداری نے عالمی یوم امن پر کہا پاکستان نے عالمی امن کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔