پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اے این این ) اطلاعات ونشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان رومانیہ کیساتھ کثیر جہتی اور طویل مدتی تعلقات کاخواہشمند ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں رومانیہ کی سفیر نکولی گویاسے ملاقات میں کہی۔وزیرمملکت نے کہاکہ فلموں اور نشرواشاعت کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تبادلوں سے ایک دوسرے کی ثقافت اور ورثہ کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اقتصادی شعبے میں نمایاں ترقی کی ہے او ر ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے۔رومانیہ کی سفیر نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کیلئے دونوں ملکوں کے صحافیوں کےوفود کے تبادلے کی تجویز دی۔