عمران کی تقریر سے نوازشریف کا نام نکال دیں تو باقی کچھ نہیں بچتا: پرویز رشید
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کےلئے ممکنہ امیدوار کا نام صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے تاکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ان کی تقرری کے عمل کو ڈی ریل کرنے کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے۔ تعیناتی کا معاملہ عدلیہ کی جانب سے دی گئی 24 نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل متعلقہ کابینہ کمیٹی کو بھیجا جا سکتا ہے۔ عمران کی جانب سے تصدق جیلانی کا نام مسترد کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نام کیوں منظر عام پر لائیں؟ جب کبھی کسی ایک نام پر اتفاق رائے کے قریب ہوتے ہیں تو عمران کنٹینر پر کھڑے ہو کر اس شخص میں عیب نکالنے شروع کر دیتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی تیسری ڈیڈ لائن کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت اور اپوزیشن میں مشاورت جاری ہے اور ہم عدالت کے احکامات پر عمل کی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ نئی ڈیڈ لائن تک بھی نام کا فیصلہ نہ کرسکے تو پھر عدالت سے مزید وقت دینے کی درخواست کریں گے اگر عدالت مزید وقت دینے سے انکار کرتی ہے تو ہم وہی کریں گے جو عدالت کہے گی۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ میں عمران کی تقریر پر ردعمل میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران کی تقریر سے نواز شریف کا نام نکال د یا جائے تو باقی کچھ نہیں بچتا، وکٹیں اڑانے والے کی عام انتخابات میں اپنی وکٹ اڑ گئی۔ عمران نے وکٹیں اڑانے کے دعوے الیکشن سے پہلے بھی کئے تھے۔
پرویز رشید