تنازعہ کشمیر کے حل‘ حق خود ارادیت کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی: صدر مسعود
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور مجاہدین آزادی کشمیر کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ہمیں اس جدوجہد کی کامیابی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مل جل کر مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور تحریک نتیجہ خیز ہوگی۔ وہ اتوار کو یہاں گلشن آباد اڈیالہ روڈ میں ممتاز کشمیری دانشور‘ مصنف عالمی سیاح اور تحریک آزادی کشمیر کے کمسن مجاہد سید بشیر حسین جعفری کی دوسری برسی کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے صدارت آزاد کشمیر کے سابق وزیر راجہ محمد یاسین خان اور سابق بیوروکریٹ اور شاعر اکرم سہیل نے کی اور قانون ساز اسمبلی کے رکن سردار محمد صغیر چغتائی‘ سابق ڈپٹی سپیکر اور مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل بیگم مہرالنساء ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی‘ سابق مشیر حکومت سردار عبدالرزاق خان‘بریگیڈئیر (ر) محمد اکبر خان‘ عامر محبوب چوہدری اور مرحوم کے صاحبزادے سید شباحت جعفری نے بھی خطاب کیا سابق نائب ناظم اطلاعات راجہ محمد لطیف حسرت نے نظامت کے فرائض ادا کئے۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے سیدبشیر حسین جعفری کی علمی اور تصنیفی خدمات کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کتاب لائبریری میں موجود ہے مرحوم نے برادری ازم سے بالاتر ہو کر خدمات انجام دیں وہ ایک عظیم مصنف اور ادیب تھے آج آزاد کشمیر میں لوگ برادریوں گروہوں اور سیاسی تعزیت کا شکار ہیں مگر بشیر جعفری کو تمام برادریوں میں احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ان کی گرانقدر علمی خدمات کے پیش نظر وومن یونیورسٹی باغ کی لائبریری کو ان کے نام سے موسوم کیا جائے گا مقررین نے بشیر حسین جعفری کی قومی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر مرحوم کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی مرحوم کے صاحبزادے نے اظہار تشکر کیا سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد لاہور میں ناگزیر مصروفیت کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کرسکے۔