تجاوزات کی بھرمار‘ ٹریفک جام معمول‘ گیس کا لو پریشر ‘ پانی کی قلت
راولپنڈی (موبائل فورم‘ رپورٹ‘ سلطان سکندر/ تصاویر‘ ایم جاوید) ڈھو حسو کی یونیز 5 اور 6 پرمشتمل 90 ہزار گنجان آبادی کا داخلی راستہ دکانوںکے آگے بڑھانے اور کرائے پر تھڑے بنا دئیے جانے سے تجاوزات کی بھرمار کے باعث ٹریفک کا جنجال پورہ مین روڈ پر بھی ٹریفک جام کا باعث بن گیا میونسپل انتظامیہ کے تجاوزات کے خلاف چار آپریشن بے نتیجہ رہے اضافی دکانیں اور پانچ تھڑے آٹھ دس ہزار روپے ماہانہ کرائے پر چڑھائے رکھے ہیں خواتین راہگیروں اور گاڑیوں کا بازار سے گزرنا محال ہو کر رہ گیا ہے عملہ تجاوزات نے معنی خیز خاموشی اختیار کرلی ٹریفک جام کا مسئلہ سوہان روح بن کر رہ گیا ہے۔ سوئی گیس کا کم پریشر اور پانی کی شدید قلت علاقے کے اہم ترین مسائل ہیں یو سی 5میں واسا کے پانچوں اور یو سی 6 میں تین ٹیوب ویل خشک ہو چکے ہیں یو سی 5 میں سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان کی کوششوں سے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے راول ڈیم کے پانی کی پائپ لائن مکمل ہو چکی ہے جبکہ دونوں یوسیز میں خان پور ڈیم کے پانی کی پائپ لائن بچھانے کے لیے دو کروڑ روپے کا ورک آرڈر جاری ہو چکا ہے علاقے میں صفائی کی صورتحال بہتر ے ان خیالات کا اظہار یو سی 5 کے چیئرمین ڈاکٹر شفقت ملک وائس چیئرمین محمد عرفان عظیم مغل ‘ جنرل کونسلر سرور خان اور مکینوں محمد رفیق‘ غلام صفدر‘ فردوس‘ عماز خان‘ عبدالرحیم‘ بہادر خان‘ نعیم خان‘ مشتاق احمد‘ کامران‘ نوازخان‘ مستری خضر‘ شہزاد احمد‘ حبیب حیات ‘ فیضان سنبحانی‘ آصف علی‘ حسین خان نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا اور کہا کہ آئیسکو کی بجلی کی تاروں کو فوری طورپر کیبل کیا جائے جو چھتوں اور مکانوں کے ساتھ لٹکتی خطرے کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ تین بچے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں متعلقہ محکمہ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی درخواستیں بھی دی گئیں مگر لولی پاپ دیا جارہا ہے علاقے میں طبی اور تعلیمی سہولتوں کا فقدان ہے صرف ایک گرلز پرائمری سکول ہے کوئی ڈسپنسری نہیں علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال یا ہولی فیملی ہسپتال جانا پڑتا ہے سرکاری ڈسپنسری کا قیام ازبس ضروری ہے۔ علاقے کی آخری سرے پر واقع آباد یو سی حیات آباد‘ مہرآباد اور گلشن داتا ملک کالونی میں گیس پریشر کا مسئلہ زیادہ سنگین ہے ۔ کمپریسر کے ذریعے بھی گیس کے پریشر پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یوسی 5 میں پہلی بار سوریج سسٹم دیا جارہا ہے جس کے لیے میئر سردار نسیم‘ ملک شکیل اعوان اور ضیاء اللہ شاہ کی کوششوں سے ایک کروڑ روپے کے فنڈز سے کام شروع کر دیا گیا ہے ان ترقیاتی کاموں پر علاقے کے عوام ملک شکیل اعوان اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کے مشکور ہیں جنہوں نے الیکشن میں کامیابی نہ ہونے کے باوجود ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رکھا اس کا مسئلہ عوام ان کو آئندہ عام انتخابات میں یقیناً دیں گے۔