فوج کی ٹیم نے کیمبریان مشقوں کے مقابلہ میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ کیمبریان پیٹرول مشقوں کے عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بری فوج کی ٹیم کا اس سال یہ دوسرا طلائی تمغہ ہے۔ یہ چوتھا موقع ہے کہ پاکستان نے ان مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا۔ برطانیہ میں منعقدہ مقابلوں میں پوری دنیا سے مختلف افواج کی ایک سو اکتیس ٹیموں نے حصہ لیا۔کیمبریان پیٹرول نامی مشق میں شرکت کرنے والے اہلکار اسی کلومیٹر پر مشتمل علاقے پر اڑتالیس گھنٹوں سے کم وقت میں مشکل مشقیں کرتے ہیں۔کیمبریان کی پہاڑیوں اور ویلز کے درمیان مختلف قسم کی فوجی مشقیں بھی انجام دی جاتی ہیں۔یاد رہے کہ کیمبریان مشقیں جسمانی طور پر مشکل ترین ہوتی ہیں جہاں شریک اہلکاروں کی مشکل حالات میں ٹیم ورک جیسی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں شریک ٹیموں کی ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ چیلنج کے علاوہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں، ڈسپلن، حوصلہ اورعزم کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔