چیف جسٹس کا عمران کے خط پر نوٹس‘ بنی گالہ میں تجاوزات کیخلاف سی ڈی اے سے دس روز تک رپورٹ طلب
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں واقع بوٹانیکل گارڈن (نباتاتی باغ ) میں بڑے پیمانے پر جاری تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ نوٹس تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کی گئی ایک تحریری شکایت پر لیا جس میں کہا گیا ہے بوٹانیکل گارڈن میں مسلسل تجاوزات کے باوجود سی ڈی اے نے اپنی آنکھیں بندکر رکھی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف مذکورہ باغ کا حجم سمٹتا جا رہا ہے بلکہ درختوں کی بڑے پیمانے پرکٹائی کے ذریعے ہماری آئندہ نسلوں کیلئے خطرات پیداکئے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان پہلے ہی عالمی حدت کی زد میں ہے اور بوٹانیکل گارڈن میں درختوں کی بے رحمانہ کٹائی سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو سکتا ہے، سپریم کورٹ کی پریس ریلیز کے مطابق شکایت میں مزید کہا گیا ہے بنی گالہ میں نکاسی کا کوئی انتظام کئے بغیر کثیرالمنزلہ عمارتیں اور پلازے تعمیر کئے جا رہے ہیں یہ ساری تعمیرات کسی منصوبہ بندی کے بغیر دھڑا دھڑ جاری ہیں اور کوئی تعمیرانی ضابطہ یا کوڈ نظر نہیں آرہا اور کوئی اس صورتحال کا نوٹس لینے پر تیار نہیں سی ڈی اے نے بھی اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں یہی صورتحال جاری رہی تو عمارتوں اور پلازوں کایہ سلسلہ راول جھیل تک جائے گا یہی زیرتعمیر عمارتیں ماحولیاتی آلودگی میں مزید اضافہ کا باعث بن رہی ہیں جو پہلے ہی پلاسٹک بیگز کے باعث ناقابل برداشت ہے اور کوڑا کرکٹ سڑکوں اور گلیوں میں بکھرا نظر آتاہے چیف جسٹس نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے سے 10 روز میںرپورٹ طلب کرلی ہے۔ اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق عمران خان نے چیف جسٹس کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے وہ بنی گالہ کے قدرتی ماحول کو درپیش خطرات کا نوٹس لیں۔ عمران خان نے استدعا کی قانون کے نفاذ کے ذمہ دار ادارے قانون شکن عناصر کو قواعد کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دیتے ہوئے ہیں اس لئے آئندہ نسلوں کی خاطر اس معاملے میں آپ کی مداخلت ناگزیر ہے۔آئی این پی کے مطابق) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرے خط پر فوری ایکشن لینے پر چیف جسٹس پاکستان کا شکرگزار ہوں۔ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں جسٹس ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خط پر فوری ایکشن لینے پر چیف جسٹس کا شکر گزار ہوں۔
چیف جسٹس / نوٹس