شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت 5 اپریل تک منظور

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن 5 ارب روپے کی کرپشن الزامات کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کرانے میں کامیاب ہو گئے۔ پیر کواسلام آباد ہائی کورٹ میں سندھ کے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے خلاف پانچ ارب روپے کی کرپشن الزامات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر ان کے وکیل نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے شرجیل میمن کو پانچ اپریل تک حفاظتی ضمانت دے دی اور انہیں 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے انہیں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر نیب کے وکیل نے کہا احتساب عدالت شرجیل میمن کو مفرور قرار دے چکی ہے۔ اب ایسی صورتحال میں یہ ضمانت غیرمعمولی ہو گی۔ حفاظتی ضمانت منظور ہونے کے بعد فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پیپلز پارٹی کے متعلق ہمیشہ جھوٹے الزامات لگائے گئے۔ اس موقع پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ان تمام مقدمات کے پیچھے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا ہاتھ ہے، مجھ پرعائد تمام کیسز کا سامنا کروں گا جب میں باہر گیا تو کوئی کیس نہ تھا یہ ریفرنس میرے بیرون ملک جانے کے بعد بنایا گیا۔
شرجیل میمن