اوگرا کرپشن کیس: عقیل ڈھیڈی سمیت پانچ ملزموں کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا، فرد جرم عائد کرنے کے روز پیش ہونگے

اوگرا کرپشن کیس: عقیل ڈھیڈی  سمیت پانچ ملزموں کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا، فرد جرم عائد کرنے کے روز پیش ہونگے

اسلام آباد (آئی این پی)  احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں عقیل کریم ڈھیڈی سمیت پانچ ملزموں کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 28مارچ تک  ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اوگرا کرپشن کیس کی سماعت کی تو ملزمان عقیل کریم ڈھیڈی، ظہیر صدیقی، عظیم صدیقی، یوسف جمیل انصاری اور  ملزم ارسلان کے  عاصم اقبال ایڈووکیٹ  نے  عدالت میں درخواست دائر کی کہ تمام ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہاں کے حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ تمام افراد ہر سماعت پر اسلام آباد حاضر ہوں۔ جس پر نیب کے پراسیکوٹر راجہ خرم خاں نے مخالفت کرتے ہوئے کہا ملزموں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور نہ کی جائے عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ملزموں کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزم دیوان ضیاء کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ تحریری فیصلے میں حکم دیا گیا کہ استثنیٰ حاصل کرنے والے تمام ملزم جس روز فرد جرم عائد کی جائے گی اس دن عدالت میں حاضر ہوں گے۔