,حکومت کے ساتھ ”زبان بندی“ سمجھوتے کی خبریں مضحکہ خیز ہیں: پی ٹی آئی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات کے حوالے سے سیز فائر پر عملدرآمد کی خبر آنے کے تھوڑی دےر بعد پاکستا ن تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان نعیم الحق نے تردےد کر دی اور کہا کہ حکومت کے ساتھ زبان بندی سمجھوتے کے حوالے سے اطلاعات انتہائی مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہیں۔ پانامہ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریزکےا، جمعہ کو پانامہ کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر دونوں رہنماﺅں نے میڈیا سے گفتگونہ کی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے خود میڈیا سے گفتگو کرنے کی بجائے پارٹی ترجمان نعیم الحق اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو میڈیا سے گفتگو کرنے دی جبکہ حکومت کی جانب سے خواجہ سعدرفیق نے خودمیڈیا سے گفتگو کرنے کی بجائے وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کو میڈیا سے گفتگوکرنے کا کہا۔ نعےم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف وزیر اعظم کی کرپشن کیخلاف اپنی آواز کو مزید تقویت پہنچائے گی۔گالم گلوچ، بہتان تراشی اور بلیک میلنگ ن لیگ نے متعارف کروائی ۔وزیر اعظم کے بارے میں اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹیں گے نہ ہی نرمی لائیں گے ۔قوم کے وسائل لوٹ کر کروڑوں پاکستانیوں کو غربت اور محرومی دینے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔بی بی سی رپورٹ کے بارے میں غلط اطلاعات چھپوانے والی حکومت سے کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہےں۔