وزیراعظم کا دورہ یوٹیلٹی سٹور‘ سرکاری گاہکوں کی خریداری‘ اصل صارفین کو مایوسی

اسلام آباد (ثناءنےوز) وزیر اعظم گیلانی کا جی ایٹ مرکز کراچی کمپنی میں واقع یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ صارفین کے لئے وبال جان بن گیا۔ سکیورٹی کے نام پر عام صارفین کو نکال کر ان کی جگہ یوٹیلیٹی سٹور کے عملہ ان کے اہل خانہ و سر کاری ملازمین کو خریدار بنا دیا گیا جبکہ اردگرد کی تمام دکانیں بند کروا دی گئیں جس پر تاجروں نے شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر سخت بد نظمی بھی دیکھنے میں آئی‘ وزیر اعظم نے خریداری کر نے والی دو خواتین کے سامان کی سر کاری خزانے سے ادائیگی کی جن کے بارے میں معلوم ہوا کہ یہ اہم سر کاری شخصیات کے اہل خانہ میں سے تھیں۔ وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر جو لوگ خریداری کر رہے تھے ان کے بارے میں معلوم ہوا کہ یہ تمام وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور وزیر اعظم ہاﺅس کے ملازمین یا ان کے اہل خانہ تھے جن کو اس مقصد کے لئے مفت سامان بھی دیا گیا جبکہ اصل صارفین کو وزیر اعظم کے جانے کے بعد چینی ختم ہو نے کا اعلان کر کے مایوس واپس بھیج دیا گیا۔