چینی میڈیا میں شاندار استقبال کا بھرپور تذکرہ‘ اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کی رفتار تیز ہوگی : چائنہ ڈیلی

اسلام آباد (اے پی پی+ این این آئی) چین کے معروف اخبار چائنہ ڈیلی نے صدر شی جن پنگ کے دو روزہ دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز ہو گی۔ اپنی رپورٹ میں چائنہ ڈیلی نے لکھا گزشتہ دس برسوںمیں چین کے سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ یہ دورہ 40 ارب ڈالر کے سلک روڈ فنڈ اور ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام کے بعد عمل میں آیا ہے۔ اس دورے سے اقتصادی راہداری اور اس سے منسلک توانائی و انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز ہوجائیگی۔ چین کیلئے پاکستان کے سابق سفیر اور انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل مسعود خان نے کہاہے کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ ہمسایہ ممالک کیلئے بھی انتہائی فائدہ مند ہوگا۔ گوادر پورٹ پاکستان کو اقتصادی مرکز بنادیگی۔چینی میڈیا نے صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر شاندار استقبال کا بھرپور انداز میں خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی دوستی کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔ چین کے ذرائع ابلاغ نے صدر شی کے طیارے کے پاکستانی حدود میں داخل ہونے پر 8 جے ایف تھنڈر 17 طیاروں کے اسکارٹ کرنے کا خاص طورپر تذکرہ کیا اور کہا کہ 8 طیاروں کا چینی صدر کے طیارے کو اسکارٹ کرنا ظاہر کرتا ہے پاکستان چینی قیادت کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ چین کے ذرائع ابلاغ نے اپنے صدر کو اسلام آباد میں 21 توپوں کی سلامی دئیے جانے اور پاکستان کے دارالحکومت کو چینی اور پاکستانی قائدین کے پورٹریٹس اور پرچموں سے سجانے کا ذکر بھی مثبت انداز میں کیاہے۔