نادرا نے 37 حلقوں کی فرانزک رپورٹ جوڈیشل کمشن میں جمع کرادی

اسلام آباد (آن لائن) نادرا حکام نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیلئے قائم جوڈیشل کمشن کی ہدایت پر 37 حلقوں کی فرانزک رپورٹ کمشن آفس میں جمع کرادی ہے۔ الیکشن کمشن دھاندلی کے الزامات پر رپورٹ کل جمع کرائیگا۔ 8 ہزار صفحات پر مشتمل رپورٹ پر کمشن آئندہ اجلاس میں 23 اپریل کو غور کرے گا۔ کمشن نے نادرا سے انگوٹھوں کی تصدیق کا ریکارڈ مانگا۔ جوڈیشل کمشن نے الیکشن کمشن سے بھی الزامات سے متعلق مفصل رپورٹ طلب کی تھی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کے ایڈیشنل سیکرٹری سید شیرافگن کی سربراہی میں لیگل ونگ اور الیکشن کمشن کے حکام جوڈیشل کمشن کی طرف سے اٹھائے گئے سوالوں کے جواب مرتب کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمشن کی ہدایت پر الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کے الزامات کے حوالے سے اپنا جواب تیار کرنا شروع کر دیا۔ الیکشن کمشن کا قانونی ونگ دن رات کام کر رہا ہے تاکہ کمشن میں جواب داخل کیا جا سکے۔ زیادہ تر معاملات ایک ہزار سے زائد ریٹرننگ افسروں سے بھی متعلق ہیں جن کو ماتحت عدلیہ سے لیا گیا تھا۔