تحریک انصاف نے سینٹ کی دو سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ مانگ لی

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف نے سینٹ کی دو سٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ مانگ لی۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے پیپلزپارٹی کو اپنی خواہش پر مبنی فہرست فراہم کر دی ہے۔ یہ فہرست پی پی پی کے سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سعید غنی کو فراہم کی گئی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ ان کی طرف سے حکومت سے بات چیت کریں۔ دریں اثناء سینٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نعمان وزیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پہلی چوائس کمیٹی برائے پانی و بجلی اور پٹرولیم اور قدرتی وسائل ہے۔ کیونکہ دونوں کا تعلق خیبر پی کے سے ہے جس میں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے دونوں کمیٹیوں کی چیئرمین شپ کے لئے شبلی فراز اور محسن عزیز کو نامزد کیا ہے۔