وزیراعظم کو گھر کی صفائی سے کس نے روکا ہے؟ پاکستان کا دنیا میں تماشہ نہ بنائیں: نثار
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے گھر کی صفائی ضرور کریں، انہیں کسی نے نہیں روکا، مگر اس ’’بیانیہ‘‘ سے پاکستان کو دنیا میں تماشا نہ بنائیں۔وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا یہ واضح موقف ہے کہ ہمارے اندر جو بھی کوتاہیاں یا کمزوریاں ہیں اس کا علاج ہونا چاہیے، مگر اہم حکومتی ذمہ دار لیڈر جب اس مسئلے میں اپنے بیانات کا حصہ بناتے ہیں تو اس سے دشمن کے ’’بیانیہ‘‘ کو تقویت ملتی ہے اور وہ کہتا ہے کہ ساری دہشت گردی کی جڑ پاکستان ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کسی کو میری بات پر شک و شبہ ہے تو وہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا کا جائزہ اور مطالعہ کرے، جس میں یہ کہا گیا کہ پاکستان تو اب وہ بات خود مان رہا ہے جو بھارت کہتا رہا ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارت کے اندر جو ہندو انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیمیں بہت ڈھٹائی سے اپنے مکروہ عزائم کیلئے کمر بستہ ہیں، کبھی بھارتی حکومت یا اس کے سیاستدانوں میں سے کسی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے، وہاں تو معزز لوگوں کے منہ کالے کئے جاتے ہیں، غیر ملکی مہمانوں پر تشدد کیا جاتا ہے، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو بے دردی سے حرف’’گائے ماتا‘‘کی بے حرمتی کے شک پر قتل عام کیا جاتا ہے، افغانستان میں دن کے اجالے میں درجنوں دہشت گردوں کے کیمپ امریکہ کے کیمروں کے نیچے چل رہے ہیں اور پاکستان میں آگ کی ہولی یہاں سے دہشت گرد آ کر کھیلتے ہیں، کیا افغانستان یا امریکہ نے افغانستان کے اندر ’’گھر کی صفائی‘‘ کی ضرورت کا اعتراف کیا ہے، سیدھی بات ہے کہ ’’گھر کی صفائی‘‘ پر کسی کو اعتراض نہیں، آپ کو حکومت ہیں بیانات کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔
نثار