کچھ گڑبڑ ضرور ہے‘ اداروں میں تصادم خطرناک ہو گا: خورشید شاہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزراءکے اپنا گھر ٹھیک کرنے کے بیانات سے لگتا ہے کہ کچھ گڑبڑ ضرور ہے۔ اداروں کا تصادم ملک کیلئے خطرناک ہو گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ گھر کے حالات خراب تھے تو نواز شریف دور میں ٹھیک کیوں نہیں کئے گئے؟ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے بیان سے دشمن ممالک کو پراپیگنڈا کا موقع ملا۔ خورشید شاہ نے آرمی چیف کے جمہوریت کے تسلسل کے بیان کو سراہا لیکن اداروں میں تصادم کو ملک کے لئے خطرناک قرار دیا۔ اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ نئے چیئرمین نیب کے حوالے سے حکومت سے ایک ملاقات ہوئی، وزیر اعظم اور اپوزیشن جماعتوں سے نام مانگے ہیں۔ ایسا غیر سیاسی چیئرمین نیب لائیں گے جس کا ماضی بے داغ اور سب کیلئے قابل قبول ہو۔ اگر پی ٹی آئی کے پاس عددی اکثریت ہے تو اپنا اپوزیشن لیڈر لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مارچ میں سینٹ الیکشن ہیں اور ن لیگ مارچ میں کمزور پوزیشن پر نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے معاملے پر طے ہوا کہ یہ پارٹی کا معاملہ ہے اور اسے پارٹی ہی دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر دنیا ہمارا موقف ماننے کو تیار نہیں یہ حکومت کی ناکامی ہے۔