عمران بزدل شخص،جہانگیر ترین، شاہ محمود پر اعتماد نہیں کرتے پرویز خٹک ٹھیکیدار، کرپٹ انسان ہے : عائشہ گلالئی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف کی منحرف ایم این اے عائشہ گلالئی نے عمران خان کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس کا جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ۔گلالئی نے ریفرنس کو بدنیتی پرمبنی قرار دے دیااورکہاکہ الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، عمران خان نے اپنے خلاف الزامات دبانے کیلئے ریفرنس دائر کیا۔گزشتہ روز ممبر سندھ غفار سومرو کی صدارت میں چار رکنی کمیشن نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے دائر ریفرنس پر سماعت کی۔رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے بھی اپنا تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے، لگائے گئے الزامات بے بنیاد، گمراہ کن اور غلط ہیں۔ جواب کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے دن عائشہ گلالئی بیمار تھی، عمران خان کیخلاف ہراساں کرنے کے الزامات دبانے کیلیے ریفرنس دائر کیا گیا۔دوسری جانب عمران خان کے وکیل نے عائشہ گلالئی کے خلاف تحریری دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں الیکشن کمیشن نے ریفرنس پر مزید سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ عمران خان حاسد شخص ہیں، وہ جس شیخ رشید کو کچھ سال پہلے چپڑاسی رکھنے پر راضی نہیں تھے اب اس شخص کو ہی وزیراعظم نامزد کردیا، کیا انہیں جہانگیر ترین، شاہ محمود سمیت کسی پارٹی کے شخص پر اعتماد نہیں جو کسی اور جماعت والے کو پی ٹی آئی کی طرف سے وزیراعظم نامزد کیا، نیازی کا تحریک انصاف میں سے تختہ الٹ گیا ہے اور اب ہم پرانے لوگوں کے ساتھ جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں خیبرپختونخوا کے عوام کا پیسہ اسی طرح لگایا گیا جس طرح عمران نیازی کے گھر میں لگا ہوا ہے، عمران نیازی کو سوچنا چاہیے کہ وہ لاہور کا ضمنی انتخاب کیوں ہار گئے، پرویز خٹک ٹھیکیدار اور کرپٹ انسان ہیں، انہیں صوبے کا وزیراعلی بنادیا گیا اب ان کے خلاف احتساب کمیشن کیسے کام کرے گا۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملا کر ملک سے کیسے کرپشن کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیازی مڈل کلاس والوں پر جھوٹے مقدمے کرتے ہیں جس طرح مجھ پر کرپشن کا مقدمہ کیا لیکن عدالت نے مجھ پر کرپشن کے الزامات مسترد کردیئے۔عائشہ گلالئی نے مزید کہا کہ عمران نیازی ایک کردار سے عاری شخص ہیں اور ان کا خواتین کے ساتھ رویہ درست نہیں، عمران خان پاکستان کی خواتین کا استحصال کررہے ہیں۔ عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے لیکن انہیں مشورہ دیتی ہوں کہ وہ ووٹ نہ ملنے پر لاہور کے عوام کے خلاف عدالت جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ نذر گوندل، بابر اعوان، فردوس عاشق اور علیم خان جیسے لوگ جماعت پر قبضہ کرچکے ہیں، عمران نیازی نے کرپٹ لوگوں کو پارٹی کے معاملات سونپ دیئے ہیں اور پارٹی کو 1996 سے چلانے والوں کو نظر انداز کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بزدل ہیں وہ ملک کیسے چلاسکتے ہیں۔ اکبر ایس بابر اور جسٹس وجیہہ جیسے لوگ میرے ساتھ آنے کو تیار ہیں، ہم جلد مل کر ایک میٹنگ کریں گے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل اور جلسے کا اعلان کریں گے۔ تحریک انصاف ہماری جماعت ہے ہم اسی جماعت کے منشور کو تبدیل کریں گے۔