سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ، 53ارب 60کروڑ لاگت کے 24منصوبوں کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) منصوبہ بندی کمیشن کے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 53 ارب 60 کروڑ لاگت کے حامل 24 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ تین منصوبے حتمی منظوری کے لئے ایکنگ کو بھیجے گئے۔ اجلاس میں توانائی کے متعلق 18.8 ارب روپے‘ آبی وسائل سے متعلق ایک ارب 18 کروڑ روپے‘ ماحولیات سے متعلق 3 ارب 80 کروڑ روپے اور مواصلات کے لئے 14 ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبوں کو منظور کیا گیا۔ سندھ میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لئے 88 کروڑ لاگت کے منصوبے منظور کئے گئے۔ دریائے سندھ پر لیہ کو تونسہ سے ملانے کے لئے پل کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ شیخوپورہ‘ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ اس پر 59 کروڑ 62 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ شیخوپورہ میں فاروق آباد انٹرچینج بنانے کی منظوری دی گئی۔ اسے ایم ٹو سے ملایا جائے گا۔ سیالکوٹ پسرور روڈ کو دوہرا کرنے کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ اس پر 2 ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ کرم ایجنسی اور اوکزئی ایجنسی سیکیورٹی میں سیکیورٹی ونگر کی رہائش کے لئے ایک ارب 42 کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ منظورکر لیا گیا۔ فرنٹیئر کور بلوچستان کے 2 سیکٹرز میں ہیڈ کوارٹرز کی تعمیر کے لئے 2 ارب 16 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ گوادر پورٹ میں سمارٹ سٹی پلان بھی منظور کر لیا گیا۔ اس پر 52 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اسلام آباد میں آر ٹی او کی عمارت کی تعمیر کےلئے 11 کروڑ روپے کی لاگت کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ چشمہ ڈسٹرکٹ میانوالی اور این آر اے کی رہائش تعمیر کے لئے 48 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے گرڈسٹیشن سے منسلک ٹرانسمیشن لائن 220 کے وی کی تعمیر کے لئے 2 ارب 94 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ میں 220 کے وی کا منصوبہ بھی منظور کیاگیا ہے۔ اس پر 2 ارب 24 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ این ٹی ڈی سی میں توسیع کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ اس پر 12 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ شانگلہ میں 132 کے وی سٹیشن بنایا جائے گا۔ گلگت و بلتستان میں سیلاب کے خطرات کی روک تھام کے لئے 3.8 ارب روپے کی لاگت کا منصوبہ بھی منظورکر لیا گیا۔ پاکستان کے کثیر المقاصد سیٹلائٹ کے امکانات کے مطالعہ کے بھی منصوبہ منظورکر لیا گیا۔ اس پر 22 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔