قطر کا پاکستانی شہریوں کیلئے 30 دن کے مفت ویزے کا اعلان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قطر نے پاکستانیوں کے لئے دوحہ پہنچنے پر مفت ویزا دینے کا اعلان کیا ہے، یہ ویزا تیس دن کی مدت کے لئے ہوگا جس میں مزید تیس دن تک توسیع کی جاسکے گی۔ گزشتہ روز قطر کے سفارتخانے سے جاری کردہ بیان کے مطابق قطر پہنچنے پر ایئر پورٹ پر پاکستانی شہریوں کو قطری ویزا دیا جائے گا جس کی کوئی فیس نہیں ہوگی، ویزا جاری کرنے سے پہلے مسافر کے پاس واپسی کا تصدیق شدہ ٹکٹ اور کم سے کم چھ ماہ کی مدت کے لئے کارآمد پاسپورٹ ہونا چاہئے۔ ریٹرن ٹکٹ کنفرم ہونے پر اس ویزا میں مزید تیس دن کی توسیع دی جاسکے گی۔ پاکستان سے جانے والے مسافروں کے پاس پولیو ویکسین سرٹیفیکیٹ ہونا لازم ہوگا۔ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق لگ بھگ دو ماہ پہلے جب قطر نے اسی ملکوں کے مسافروں کیلئے اس ویزا سکیم کا اعلان کیا تو اس فہرست میں بھارت شامل تھا لیکن پاکستان کا نام تک نہیں تھا۔ پاکستان میں قطر کے سفیر تک جب عوامی ردعمل کی اطلاعات پہنچیں تو انہوں نے اپنی حکومت کو قائل کیا کہ پاکستانی مسافروں کو بھی دوحہ پہنچنے پر مفت ویزا دینے کی سہولت فراہم کی جائے جس کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔
مفت ویزا