نائیجرین باشندے کے سامان سے ڈیڑھ کلو ہیروئن‘ 5 ہزار امریکی ڈالر برآمد

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) بے نظیر ایئرپورٹ پر نائیجرین باشندے سے کروڑوں روپے مالیت کی ڈیڑھ کلو ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ڈیڑھ بجے اسلام آباد سے نائیجریا براستہ دوحہ جانے والی پرواز کیو آ 633 کے نائیجرین باشندے ”اوگیجوپولیور“ کے سامان کی جب اے ایس ایف نے تلاشی لی تو اس نے شیمپو کی بوتلوں میں ڈیڑھ کلو ہیروئن چھپا رکھی تھی جس کی مالیت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔ ملزم سے 5 ہزار امریکی ڈالر بھی برآمد ہوئے ہیں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کو اے این ایف کے حوالے کردیا مزید تفتیش جاری ہے۔