احتجاج، خراب امن و امان کے باوجود نواز حکومت معیشت سدھارنے میں کامیاب ہوگئی: بلومبرگ

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف6 ماہ کے احتجاج، کمزور معیشت اور امن و امان کی صورتحال کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی کے سفر میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ بلومبرگ رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی، بیرون ملک سے ترسیل زر میں اضافہ اور صارفین کے اضافی مصارف ملک کو 7 سال میں زیادہ ترقی کی جانب گامزن کررہے ہیں۔ نواز شریف نے مئی 2013ءمیں اقتدار سنبھالا تو ادائیگیوں کے توازن کے مسئلہ کے باعث انہیں آئی ایم ایف سے مدد حاصل کرنا پڑی۔ بلومبرگ نے بیان کیا ہے کہ نواز شریف کو احتجاج، ایندھن کی بدترین قلت، سکول کے بچوں کی شہادت جس سے ساری دنیا کو صدمہ ہوا جیسے بڑے مسائل کا سامنا رہا تاہم حکومت بڑے چیلنجوں پر قابو پارہی ہے اور موثر اقدامات کے باعث کارپوریٹ آمدن میں اضافہ ہورہا ہے، سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، ملکی معیشت دنیا کے بہترین ممالک میں شمار ہورہی ہے، حکومتی اقدامات سے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر گذشتہ سال بڑھ کر16 ارب ڈالر ہوگئے، بجٹ خسارہ کم ہوا ہے، تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے افراط زر میں بھی کمی ہورہی ہے، گذشتہ ماہ پاکستان نے ثابت کیا کہ معاشی بہتری کے باعث وہ بین الاقوامی بینک برائے تعمیرنو و ترقی سے قرضہ حاصل کرنے کا اہل ہوگیا ہے اور آئندہ 4 سالوں کےلئے دو ارب ڈالر کا قرضہ حاصل کرسکے گا جبکہ آئی ایم ایف نے بھی توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان6.6 ارب ڈالر کے قرضے کی شرائط کو پورا کرے گا۔ بلومبرگ کے مطابق کراچی سٹاک ایکسچینج کا شمار دنیا کی 93 بہترین سٹاک ایکسچینجز میں ہورہا ہے، پاکستانی روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے۔
بلومبرگ