ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنز کی سکیورٹی سخت، رینجرز، فوج کے جوان تعینات

اسلام آباد، لاہور، پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) اسلام آباد، لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی کیلئے رینجرز کے دستے اور فوجی جوان تعینات کر دیئے گئے جبکہ خفیہ ادارے کے اہلکار بھی چوکس ہیں۔ پشاور اور نوشہرہ کے سٹیشنز بھی حساس قرار دیئے گئے۔ ریلویز پولیس حکام کے مطابق خیبر کے تمام ریلوے سٹیشنز پر ریلوے پولیس کمانڈوز تعینات اور خفیہ کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ ریلویز پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔