ہماری بہادر افواج دہشت گردوں کیخلاف نبرد آزما ہیں‘ قوم کامیابی کیلئے دعا کرے، صدر ممنون

ہماری بہادر افواج دہشت گردوں کیخلاف نبرد آزما ہیں‘ قوم کامیابی کیلئے دعا کرے، صدر ممنون

اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر افواج دہشتگردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں، قوم کامیابی کیلئے دعا کرے، لاہور واقعہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے، عدالتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق انصاف کے تقاضے پور ے کئے جائینگے،  توانائی کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت امن و امان کی بحالی اور بدحال معیشت کو بحال کرنے کے لئے ہرممکنہ کوشش بروئے کار لا رہی ہے،  وژن 2025 انشاء اللہ ہمارے ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی انصاف کے ایک نئے دورکا باعث ہوگا۔ وہ جمعرات کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 62 ویں کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے۔ صدر نے گزشتہ دنوں لاہور میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اور پوری قوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ اور ان کے لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ صدر نے کہا آج اس بات پر سب متفق ہیں کہ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدت پسندی ایسے اصولوں کا تعین کرتی ہے جو ایک قوم کی اقتصادی ترقی اور تحفظ کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں۔ آج کی تیز رفتار سائنسی و تکنیکی ترقی پاکستان جیسے ممالک کو پھلنے پھولنے کے بے شمار موقع فراہم کرتی ہے۔ لہٰذا ہمیں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں سبقت لینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے یوتھ ڈویلپمنٹ اور فیس واپسی کے پروگرام، مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کی سکیم طلباء کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں صلاحیتوں کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ ہمیں اپنے ان باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے۔ پاکستان کو مختلف سماجی و اقتصادی مسائل کا سامنا ہے تاہم حکومت بڑی تندہی سے ان مسائل کا مقابلہ کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علم پر مبنی معیشت میں یونیورسٹیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ انسانی وسائل کی پیداوار اور نئی ٹیکنالوجیز کو متعارف کروانے کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ اپنے قیام کے محض چودہ سال بعد کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شمار ملک کی بہترین درسگاہوں میں ہوتا ہے۔ صدر مملکت نے بلوچستان، سندھ اور آزاد جموں وکشمیر کے سی آئی آئی ٹی کے توسیعی منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت یہ علاقے بھی پاکستان کے دوسرے علاقوں کے برابر  ہو جائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی قوم کی اقتصادی ترقی اور تحفظ کو ناقابل تسخیر بناتی ہے اس جانب بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بات طلباء کے پیش نظر رہنی چاہئے کہ آج جو ممالک ترقی یافتہ کہلاتے ہیں انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے اور ان کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ خواتین کو معاشرے کے قابل قدر اور مفید شہری بنانے کے لئے انہیں یکساں مواقع کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے، خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے کے بارے میں کنونشن پر دستخط کنندہ کی حیثیت سے پاکستان اس کی شقوں پر حقیقی معنی میں عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن خاور ممتاز کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کی منزل کا حصول خواتین کو قومی زندگی کے مرکزی دھارے میں لانے اور ترقیاتی عمل میں بھرپور شرکت کے مناسب مواقع کی فراہمی کے بغیر ممکن نہیں۔