پنڈی: سمگل شدہ سگریٹ فروخت کرنے پر کسٹمز کا چھاپہ، ڈیڑھ سالہ بچے پر بھی مقدمہ

راولپنڈی + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی رپورٹر) سٹی پولیس افسر راولپنڈی ہمایوں بشیر تارڑ نے تھانہ گنجمنڈی میں درج ایف آئی آر میں ڈیڑھ سالہ بچے کی نامزدگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بچے کا نامٖ آئی آر سے بعد از تصدیق خارج کر دیا۔ گذشتہ روز تھانہ گنجمنڈی میں گل نواز خان انٹیلی جنس آفیسر کسٹمز اسلام آباد نے درخواست دی کہ نرنکاری بازار راولپنڈی میں غیر قانونی ممنوعہ سمگل شدہ سگریٹ فروخت کرنیوالے تاجران کی دکان پر ریڈ کیا تو تاجران نے مزاحمت کرتے ہوئے دکانیں بند کردیں، بدتمیزی کی اور بازار سے باہر نکال دیا جس پر مذکورہ آفیسر کی درخواست پر مقدمہ بجرم353/341/186 ت پ تھانہ گنجمنڈی درج رجسٹر ہوا۔ دوران تفتیش FIR میں نامزد کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی گرفتاری کے لئے کوئی ریڈ کیا گیا۔ نامزد ملزم نوازش علی کے ورثاء نے نوازش علی کا برتھ سرٹیفیکیٹ پیش کیا کہ اس کی عمر 1سال8 ماہ ہے، جس پر اس کو مقدمہ سے فارغ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے راولپنڈی میں 16ماہ کے بچے پر مقدمہ درج کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی 16ماہ کے بچے کو مقدمہ میں نامزد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقدمہ خارج کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔