عمران، طاہر القادری، شیخ رشید دھرنے اکھاڑ پھینکیں، فورسز کی حمایت کریں: سعد رفیق

عمران، طاہر القادری، شیخ رشید دھرنے اکھاڑ پھینکیں، فورسز کی حمایت کریں: سعد رفیق

اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ طاہرالقادری، عمران خان اور شیخ رشید احمد دھرنے اکھاڑ پھینکیں، سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کریں، گلو بٹ پولیس کا ٹائوٹ تھا اس کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں، لاہور کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے دو انکوائری کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔ آپریشن کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو تمام پاکستانیوں کی حمایت حاصل ہے تاہم حکومت نے کوشش کی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے امن آ سکے۔ بعض طاقتیں افراتفری کی سیاست کرنا چاہتی ہیں یہ وقت اختلافات کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جیو پر لگنے والی پابندی اور جرمانہ کے حق میں ہوں، کچھ چینلز نے اپنی اصلاح نہیں کی وہ تمام کام کیا جو انہیں نہیں کرنا چاہئے تھا۔