نااہلی کیس : عمران کے وکیل کی غیر حاضری پر چیف الیکشن کمشنر برہم سماعت ملتوی
اسلام آباد (ایجنسیاں) الیکشن کمشن میں عمران خان کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم حاضری پر ملتوی کر دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں الیکشن کمشن کو کیس کی سماعت کا اختیار نہیں، کیا آئینی اداروں کی تضحیک سے اداروں کو مضبوط کیا جاتا ہے۔ عمران برطانوی اداروں کی تضحیک کرتے تو جیل میں ہوتے۔ الیکشنکمشن نے ان کو ڈھیل دے رکھی ہے۔ عمران خان کے وکیل کے پھر پیش نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جوابی دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 کراچی کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ (آج) جمعرات کو سنائےگا۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمشن نے ایم کیو ایم کے امیدوار کامران ٹیسوری کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ حلقے کے 21 پولنگ سٹیشنوں میں نتائج مرتب کرتے وقت قواعد کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ نتائج مرتب کرتے وقت ان کے موکل کو ریٹرننگ افسر نے نوٹس جاری نہیں کیا، ان پولنگ سٹیشنوں پر انتخاب کالعدم قرار دیا جائے اور ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کرائی جائے۔ سعید غنی کے وکیل اعتزاز احسن نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے لاتعلقی کے بعد اب کراچی میں لوگ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں، اگر ایم کیو ایم کو ضمنی الیکشن میں کوئی اعتراض ہے تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کراچی کے حلقے پی ایس 114 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 5 پولنگ سٹیشنوں پر اعتراض کیا جارہا ہے جبکہ پولنگ کے دوران کوئی گڑبڑ نہیں ہوئی۔ ایم کیو ایم کی اب وہ پوزیشن نہیں کہ کھمبے کو بھی ٹھپے پڑیں۔