انڈونیشیا کے صدر 26 جنوری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطا ب کرینگے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹ‘ سپیشل رپورٹ) انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو 26 اور 27 جنوری کو پہلے سرکاری دورہ پر اسلام آبا دپہنچ رہے ہیں۔ خاتون اول بھی ان کے ہمراہ ہوں گی ۔جوکو ویدودو کا بطور صدر پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مہمان صدر کے ہمراہ وزرائ، اعلیٰ حکام اور تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی آ رہا ہے۔ مہمان صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین باہمی تجارت کا حجم 2.1 بلین امریکی ڈالر ہے جس میں اضافے کے لیے بات چیت کی جائے گی، انڈونیشیا، پاکستان کا آٹھواں بڑا تجارتی شراکت دار بھی ہے۔ پاکستان انڈونیشیاء کے پام آئیل کا سب سے بڑا خریدار ہے جوکو ویدودو وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔ صدر ممنون حسین نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 26 جنوری کو شام چھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔