پاک بحریہ دفاعی خو د انحصاری کے حصول کیلئے کوشاں ہے، ایڈمرل عبا سی
کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کی تقسیم ایوارڈز کی سالانہ تقریب گزشتہ روز پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقسیم ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد لاجسٹکس کمانڈ کے تحت کام کرنے والے یونٹس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مختلف منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں ان کی کوششوںکو سراہنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ لاجسٹکس کمانڈ کی اس بے لوث محنت اور لگن کا اندازہ سال 2017ء کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں اورآبدوزوں کی ہمہ وقت دستیابی اور متعدد ملکی و غیر ملکی بحری مشقوں میں بروقت شمولیت سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا جب بھی ہم کسی امداد پر انحصار کرتے ہیں تو خود انحصار ی کے حصول کا جذبہ ماند پڑنے لگتا ہے۔ ہم دفاعی خود انحصاری کے حصول کے لیے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات ہمارے قومی وقار کا مظہر اور سروس کے لئے ہماری محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود نے مزید کہا کہ بیرونی دبائو کے باوجود ہمیں اپنے اندرونی مسائل کو دانشمندی سے حل کرنے اور ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔