ترقی خواتین کےلئے مختلف پیکجز پر عمل درآمدتیزی سے جاری ہے، حمید ہ وحید الدین
راولپنڈی (نےوز رپورٹر) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں خواتین کی فلاح و بہبود ، تعلیم و تربیتی اور پیشہ وارنہ شعبوں میں مہارت فراہم کرنے لئے مختلف پیکجز پر مکمل عمل درآمدتیزی سے جاری ہے اورخواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں لایاجارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے وویمن پیکجز پر عملدرآمد کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری بشریٰ امان، خواتین کمیشن کی چیئر پرسن فوزیہ وقار، سکول ایجو کیشن، ہائر ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، اقلیتی امور، بورڈ آف ریونیو، ایم پی ڈی ڈی ، انڈسٹریز ، پنجاب پبلک سروس کمیشن، سوشل ویلفیئر، لیبر، لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور وویمن پیکجز پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اقدامات پر عملدرآمد کی اَپ ٹو ڈیٹ رپورٹ محکمہ ترقی خواتین کو باقاعدگی سے بھجوائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وویمن پیکجز کا مقصد خواتین کی فلاح و بہبود ، حقوق کا تحفظ اور معاشی ترقی ہے۔ حکومت کا ویژن ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر خود اختیار بنا کر ملکی ترقی کے عمل میں تیزی لائی جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خواتین پیکجز کے تحت پنجاب کے 709 تھانوں میں سے 696 میں خواتین کے لئے ہیلپ ڈیسک قائم ہوچکے ہیں، خواتین کی ٹال فری ہیلپ لائن1043 ، 24/7 کا م کر رہی ہے۔ خوتین کی مفت قانونی مشاورت کے لئے تمام اضلاع میں پراسیکیوٹرز کا تقرر کر دیا گیا ہے۔ نصاب تعلیم میں خواتین کے حقوق کے متعلق اسباق شامل کئے گئے ہیں۔خواتین کو وراثت میں حصہ کی منتقلی کو یقینی بنایا جا رہاہے۔ دیہی خواتین میں مویشیوں اور مرغیوں کی تقسیم جاری ہے۔ تین اضلاع میں گھریلو ورکروں کی تربیت کے پروگرام کا آغاز کر دیاگیا ہے۔ اب تک صوبے کے مختلف شہروں میں 61 ڈے کیئر سنٹرز قائم ہو چکے ہیں جبکہ مزید قائم کئے جارہے ہیں۔ خواتین کے لئے ملازمتوں میں 15 فیصد کوٹہ مقرر ہے۔ تمام سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئے الگ واش رومز اور نماز کے لئے جگہ مقرر کر دی گئی ہے۔ 10 اضلاع میں فیملی کورٹس قائم کئے جارہے ہیں۔خواتین کے تعلیمی اداروں میں کنٹینوں ٹھیکے خواتین کو دئےے جارہے ہیں۔